گلبرگہ 19 جولائی (ایس او نیوز) لاری اور کروزرجیپ کے درمیان ہوئی خطرناک ٹکر میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ دیگر نو شدید زخمی ہوگئے ۔ حادثہ منگل دوپہر تعلقہ الند کے نرونہ پولس تھانہ حدود کے ڈوگی نالہ کے قریب پیش آیا۔ مرنے والوں میں چار خواتین ، دو بچے اور دو مرد برسر حادثہ ہلاک ہوگئے۔ لاری گلبرگہ سے الند کی سمت جارہی تھی کروزر جیپ الند سے گلبرگہ کی طرف آرہی تھی ۔ بتایا گیا ہے کہ کروزر تیز رفتاری کے ساتھ کسی سواری کو اوورٹیک کرنے کے دوران اچانک مخالف سمت سے آنے والی لاری سے ٹکراگئی۔ پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثے کے فوری بعد کروزر جیپ ڈرائیور اور لاری ڈرائیور دونوں فرار ہوگئے۔
مہلوکین کی شناخت گجابائی اینگلے، سوپنل ڈوگلے،کرشنا سنجے اینگلے،پھول چنددھرمے،ورشا ڈوگلے، سنجے اینگلے،شانتا بائی اینگلے اور سگج بائی الندےکی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ حادثے میں زخمی ہونے والے سبھی نو لوگوں کو ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں داخل کیا گیاہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہلوکین کا تعلق مہاراشٹرا کے عثمان آباد کے پنچ محل سے تھا۔ یہ لوگ گروپورنیما کے موقع پر گنگا پور کے ایک مندر میں خصوصی پوجا کے لئے آئے تھے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی وائی ایس پی پی ڈی گج کوش ۔ اور نرونہ پولس اسٹیشن کے پی ایس آئی اپنے عملہ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ گئے ۔ نرونہ پولس تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے۔ پولس چھان بین کررہی ہے۔